ظالم نظام سے مزاحمت مومن کا شعار ،اسامہ رضی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے جماعت اسلامی ضلع وسطی میں جامع مسجد الفلاح،،ضلع قائدین میں جامع مسجد حرمین،ضلع شمالی میں جامع مسجد الہدیٰ اور لانڈھی میں جامع مسجد قریشاں میں علیحدہ علیحدہ ایک روزہ دعوتی و تربیتی اجتماع عام سے شہادت امام حسین و شہادت حقکے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت، دراصل حق و باطل کے معرکے میں حق کی سربلندی کا اعلان ہے ۔
میدانِ کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ باطل کے سامنے سر جھکانے کے بجائے ، حق پر قائم رہنا عین دین ہے ۔ انہوں نے ہمیں یہ پیغام دیا کہ ظالم نظام سے مفاہمت نہیں بلکہ مزاحمت مومن کا شعار ہے ۔ آج بھی وقت کا یزید، استحصالی نظام، سودی معیشت، کرپشن اور ظلم کی صورت میں ہمارے سامنے ہے ۔ ہم عوام کو دعوت دیتے ہیں کہ ظلم کے خلاف، دین کے غلبے کے لیے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں۔جماعت اسلامی فارم 47کی حکومت، ہائبرڈ نظام اور 26ویں ترمیم کو نہیں مانتی۔ ڈنڈا نہیں بلکہ آئین کسی قوم کو جوڑ کر رکھتا ہے ۔ آئین کی پامالی قوم پر ظلم ہے ، اور اسلام کے نام پر یہ ظلم کرنا مزید ظلم ہے ۔ دعوتی و تربیتی نشست سے مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطاء الرحمن، مرکزی ڈپٹی سکریٹری پاکستان شیخ عثمان فاروق،امیرکراچی منعم ظفر خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔