عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے ،خالد مقبول

عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے ،خالد مقبول

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری پرویز علی کی قیادت میں وفد نے چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مسئلہ کشمیر، بھارتی مظالم اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرویز علی نے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو 8 جولائی 2025 کو کشمیری حریت پسند رہنما برہان مظفر وانی کے یومِ شہادت اور آپریشن بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی کے سلسلے میں نکالی جانے والی ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا اور امید ظاہر کی کہ ایم کیو ایم پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں صفِ اوّل میں شریک رہے گی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دعوت قبول کرتے ہوئے شہید برہان مظفر وانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ برہان وانی کی قربانی کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک میں سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے منہ پر طمانچہ ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کو حقِ خود ارادیت دلانے میں کردار ادا کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں