بلدیہ عظمیٰ میں جعلی بھرتی افسران کو فارغ کرنے کیلئے پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

کراچی(این این آئی)سجن یونین کے مرکزی صدرسید ذوالفقارشاہ نے تین ماہ مسلسل کے ایم سی وٹی ایم سیز میں ہونے والی غیر قانونی بھرتیوں، ایڈجسٹمنٹ اور جعلی افسران کی تقرریوں کے موصولہ ریکارڈ کی چھان بین کے بعد سجن یونین کی لیگل ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ بلاتفریق کاروائی کے لیے پٹیشن تیار کرکے اسے جلد ازجلد عدالت میں دائر کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے تحت متنازعہ طور پر میونسپل افسران، اکاؤنٹس افسران،انجنیئرز کو بھرتی کرکے انہیں انڈر ٹرنینگ ہونے کے باوجود اعلیٰ پوسٹوں پر تعینات کرکے سینئر افسران کو گھر میں بیٹھا دیا ہے ۔ ایسے ٹرینی افسران کے خلاف بھی پٹیشن تیار کرلی گئی ہے اور اسے متاثرہ افسران کے ہمراہ دائر کیا جارہا ہے ۔ جبکہ غیر منظور شدہ شیڈول آف اسٹیبلشمنٹ اور گریڈ 17 کے تعینات میونسپل کمشنرز کو بھی فارغ کرکے پہلے گریڈ 19 کے تمام افسران کو تعینات کروانے کے لیے جدوجہد کا آغاز کیا جارہا ہے۔