جماعت دہم جنرل، سماعت و گویائی سے محروم طلبہ کے نتائج کا اعلان
کراچی(اسٹا ف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین غلام حسین سوہو کی خصوصی ہدایات پر ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر وپرائیویٹ اور۔۔۔
سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات برائے سال2025ء کے نتائج کے اجراء کا اعلان کر دیا۔ غلام حسین سوہو نے کہا کہ نتائج میں شفافیت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ناظم امتحانات نے بتایا کہ جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں 15497 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 14795امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ۔ البدر گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کی ثناء بنت محمد ادریس نے 89.27 فیصد نمبرحاصل کر کے پہلی،ماما انڈیگو اسکول سسٹمکی بشریٰ بنت محمد عمران نے 87.73 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ تیسری پوزیشن بھی اسی اسکول کی ہانیہ بنت محمد یوسف نے 87.36 فیصد نمبر کے ساتھ حاصل کی۔ جنرل گروپ ریگولر میں 10222 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ۔ کامیاب امیدواروں میں 108اے ون گریڈاور 971 نے اے گریڈحاصل کیا۔پرائیویٹ جنرل گروپ میں 4573 امیدوار ؎ شریک ہوئے ۔کامیاب امیدواروں میں 13اے ون گریڈ اور 294 نے اے گریڈحاصل کیا۔سماعت و گویائی سے محروم 124خصوصی طلباء وطالبات امتحانات میں شریک ہوئے ،114طلباء و طالبات کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 91.94 فیصد رہا۔