سجاول :زرعی پانی کی شدید قلت، دھان کی فصل کو خطرہ
سجاول(نمائندہ دنیا )سجاول اور گرد و نواح کے دیہی علاقوں میں نہری پانی کی شدید قلت نے کسانوں اور زمینداروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا۔
دیھ لیارو، تپو ولہار اور یونین کونسل کینجھر سمیت دیگر زرعی علاقوں میں دھان کی فصل کی کاشت کا موسم عروج پر ہے ، لیکن پانی کی مسلسل عدم فراہمی کے باعث ہزاروں ایکڑ زمین بنجر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ پانی کی یہ قلت قدرتی نہیں بلکہ دانستہ بندش کا نتیجہ ہے ،تاکہ انہیں معاشی نقصان پہنچایا جا سکے ۔ زرعی پانی کی عدم دستیابی سے نہ صرف فصلیں تباہ ہو رہی ہیں بلکہ مزدور طبقے کا روزگار بھی خطرے میں پڑ گیا ہے ، جس سے مقامی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔کسانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر صورتحال کا نوٹس نہ لیا گیا تو یہ مسئلہ مقامی سطح سے نکل کر ملکی سطح پر غذائی بحران میں تبدیل ہو سکتا ہے ۔علاقہ مکینوں اور آبادگاروں نے محکمہ انہار سے فوری مداخلت اور پانی کی منصفانہ تقسیم کا مطالبہ کیا ہے ، بصورت دیگر وہ شدید احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے۔