سندھ میں سیلاب متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا بڑا منصوبہ شروع

سندھ میں سیلاب متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا بڑا منصوبہ شروع

حیدرآباد (نمائندہ دنیا) سندھ حکومت نے 2022 کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے تاریخ کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کر دیا۔سندھ فلڈ ایمرجنسی ری ہیبیلیٹیشن پروجیکٹ کے ترجمان کے مطابق 2024-25 میں 19 اضلاع میں 141 سڑکوں کی مرمت اور 825 کلومیٹر راستوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے تقریباً 5 کروڑ افراد کو براہ راست فائدہ پہنچے گا، یہ سڑکیں زرعی علاقوں کو منڈیوں، اسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے ملاتی ہیں، جن کی بحالی سے نہ صرف دیہی معیشت کو سہارا ملے گا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔منصوبے میں جامشورو، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ماتلی، ٹنڈو الہ یار، بدین، تھرپارکر، سانگھڑ، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، لاڑکانہ، عمر کوٹ، خیرپور، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ اور سکھرکے اضلاع شامل ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ انفرااسٹرکچر کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں تعمیراتی سرگرمیوں سے روزگار کے دروازے کھلیں گے ، خصوصاً ان علاقوں میں جو 2022 کے سیلاب میں بری طرح متاثر ہوئے تھے ۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف سندھ حکومت کی استعداد میں اضافہ کرے گا، اور ایک ایسا مضبوط بنیادی ڈھانچہ تعمیر کیا جائے گا جو مستقبل میں ایسی تباہ کاریوں کا مؤثر طور پر مقابلہ کر سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں