اسرائیل سے تعلقات کے اشارے تشویشناک،تنظیم اسلامی

اسرائیل سے تعلقات کے اشارے تشویشناک،تنظیم اسلامی

حیدر آباد(نمائندہ دنیا )تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کی جانب سے ابراہم اکارڈز کا حصہ بننے اور ناجائز صہیونی ریاست اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے اشارے انتہائی تشویشناک ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒنے قیامِ پاکستان کے فوراً بعد دوٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ‘‘اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے ، پاکستان کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کرے گا’’۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان نے بھی امریکہ کے دورے کے دوران یہودی میزبان کے لالچ پر دو ٹوک جواب دیتے ہوئے فرمایا تھا: \"Our souls are not for sale\" - یعنی ‘‘ہماری روحیں برائے فروخت نہیں’’۔شجاع شیخ نے مزید کہا کہ مغربی ممالک کی تاریخ نسل کشی کے واقعات سے بھری پڑی ہے اور آج وہی مغرب غزہ میں مسلمانوں کے قتل عام میں اسرائیل کا شریک کار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ قبلہ اوّل اور ارضِ مقدس کی تولیت کا حق صرف امتِ مسلمہ کو حاصل ہے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کی بحث قوم کی پشت میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم کرلیا تو کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھانے کا جواز بھی کھو بیٹھے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں