جامعہ کراچی کی سینڈیکیٹ میٹنگ کا شعبہ فوڈ سائنسز سے متعلق فیصلہ کالعدم
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے جامعہ کراچی کے شعبہ فوڈ سائنسز میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی تعیناتی سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے 21 دسمبر 2023 کو سلیکشن بورڈ کی سفارشات اور 5 اپریل 2024 کو سینڈیکیٹ میٹنگ کے شعبہ فوڈ سائنسز سے متعلق فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا۔
عدالت نے کراچی یونیورسٹی کو دو ماہ کے اندر سلیکشن بورڈ کی نئی میٹنگ بلانے اور درخواست گزار ڈاکٹر فیروز عالم کی تعیناتی پر بطور اسسٹنٹ پروفیسر اور پروفیسر دوبارہ غور کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے واضح کیا کہ نئی سفارشات تک موجودہ تعینات تینوں پروفیسرز کام کرتے رہیں گے ۔ درخواست گزار ڈاکٹر فیروز عالم 2011 سے مذکورہ شعبے میں اسسٹنٹ پروفیسر تعینات ہیں جنہوں نے سلیکشن بورڈ اور سینڈیکیٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، وکیل درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق 12 ریسرچ پبلیکیشنز رکھتے ہیں۔ عدالت نے ڈاکٹر فیروز عالم کی درخواست نمٹاتے ہوئے جامعہ کراچی کو ازسرِنو جائزے کی ہدایت کی۔