شاہراہ بھٹو کا مکمل افتتاح دسمبر میں کیا جائے گا، میئر
کراچی (آن لائن)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کو سبوتاڑ کرنے والے عناصر کو صرف مایوسی اور شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
شہر قائد کی ترقی شاید کچھ مخصوص عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی، لیکن ہم ان کے جھوٹے پروپیگنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والوں کو دوٹوک پیغام دیا کہ کراچی کی ترقی کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کو صرف مایوسی اور شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کراچی کی ترقی شاید کچھ مخصوص عناصر کو ہضم نہیں ہو رہی، لیکن ہم ان کے جھوٹے پروپیگنڈے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوں نے شاہراہ بھٹو پر روزانہ گزرنے والی 10 سے 11 ہزار گاڑیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف اعلیٰ معیار اور مضبوط اسٹرکچر پر مبنی ہے بلکہ ایندھن کی بچت کے ساتھ شہریوں کا وقت بھی بچا رہا ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شاہراہ بھٹو کا مکمل افتتاح دسمبر میں کیا جائے گا، جس کے بعد جھوٹ اور مایوسی کا بیانیہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائے گا۔ انہوں نے اسے کراچی کی ٹرانسپورٹ تاریخ کا انقلابی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ قائدآباد سے قیوم آباد کا سفر صرف 10 منٹ میں ممکن بناتی ہے ، جو ماضی میں ایک بڑا چیلنج تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا مقصد صرف انفراسٹرکچر کی بہتری نہیں بلکہ کراچی کو ایک جدید اور محفوظ شہر بنانا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ جھوٹے الزامات سے نہیں، عوامی خدمت سے اپنی کارکردگی کا ثبوت دے رہی ہے ۔