نالے میں گرکر جاں بحق شہری کے مقدمے میں اہم پیشرفت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سٹی کورٹ کراچی میں حب ریور روڈ پر نالے میں گر کر جاں بحق ہونے والے شہری سید فخر عالم کے اہل خانہ کی جانب سے دائر ہرجانے کے دعوے پر سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے کے ایم سی کی جانب سے جمع کرائے جواب پر سندھ حکومت کو فریق بنانے کی اجازت دے دی۔ کیس میں مدعی کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ حب ریور نالہ تاحال کے ایم سی کے انتظام میں ہے اور اس کی صفائی اور مرمت نہ ہونا ہی شہری کی موت کی وجہ بنی۔ جبکہ کے ایم سی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نالہ میگا پروجیکٹ کے تحت سندھ حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے اور اسے کے ایم سی کے حوالے نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے قرار دیا کہ نالے کی مرمت، صفائی اور ڈی سلٹنگ کے بعد اسے کے ایم سی کے حوالے نہیں کیا گیا، اس لیے فریقین کی ذمہ داری کا تعین ہونا ضروری ہے ۔ عدالت نے سندھ حکومت کو فریق نمبر 2 کے طور پر شامل کرنے اور ترمیم شدہ ٹائٹل جمع کرانے کی ہدایت دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر تحریری جواب طلب کرلیا۔ یاد رہے کہ جاں بحق شہری کی بیوہ نے عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے کے ایم سی کے خلاف 3 کروڑ 71 لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا ہے ۔