موٹرسائیکل نمبر پلیٹوں کی جبری تبدیلی قبول نہیں، منعم ظفر
کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ۔۔۔
پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کی سرپرستی اور وڈیرانہ ذہنیت میں کراچی سمیت پورے صوبے میں کرپشن کا سسٹم چل رہا ہے اوربربادی کا سفر جاری ہے ،ایس بی سی اے سمیت ہر ادارہ رشوت اور نااہلی کا گڑھ بنا ہوا ہے ،حکومتی سرپرستی میں غیر قانونی تعمیرات نے کراچی کو کنکریٹ کا جنگل بنادیا ہے ،جماعت اسلامی موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹوں کی جبری تبدیلی ہرگز قبول نہیں کرے گی،نمبر پلیٹوں کی تبدیلی کے نام پر رشوت اور کرپشن کا دھندا بند کیا جائے ،غیر قانونی تعمیرات کے ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے ،لیاری میں منہدم عمارت کے متاثرین کو متبادل جگہ اور 6ماہ کا کرایہ حکومت فراہم کرے ،شرجیل میمن بتائیں کہ متبادل جگہ فراہمی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی نہیں تو کس کی ہے ؟17سال میں کراچی کے لیے صرف 300بسیں چلا کر ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل نہیں ہوسکتا،کراچی کو ماس ٹرانزٹ،لائٹ ٹرین اور سرکلر ریلوے کی ضرورت ہے ،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم اور نواز لیگ کو کراچی کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، فارم 13اورفارم 47کے ذریعے مسلط ہونے والے عوام کے مسائل حل نہیں کرسکتے ،بہت جلد کراچی کی ہر یونین کمیٹی کی سطح پرحق دو کراچی کنونشنزمنعقد کیے جائیں گے ۔ پریس کانفر نس میں سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، نجیب ایوبی، صہیب احمد اورعمران شاہد بھی موجود تھے ۔