یوٹیلیٹی اسٹورز سکھر ریجن کے 23ملازمین مستقل کر دیے گئے
سکھر (بیورو رپورٹ)یوٹیلیٹی اسٹورز سکھر ریجن کے 23 ملازمین کو مستقل کر دیا گیا ۔ یہ فیصلہ عدالتی کارروائی کے بعد سامنے آیا۔۔
، جس میں جی ایم ایچ آر اور دیگر ذمہ داران کو ملازمین کو مستقل نہ کرنے پر سزا دی گئی تھی۔ بعد ازاں فل بینچ چیئرمین این آئی آر سی نے یہ سزا عارضی طور پر معاف کر دی، اس شرط کے ساتھ کہ 10 جولائی 2025 تک تمام ملازمین کو مستقل کر دیا جائے گا۔ جمعرات کے روز جی ایم ایچ آر کی جانب سے باضابطہ لیٹر جاری کر دیا گیا ، جس میں تمام 23 ملازمین کی تقرری کو مستقل قرار دیا گیا ہے ۔ یونین رہنما عبدالقیوم برڑو نے وکیل ظفر علی شاہ کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ ہم این آئی آر سی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہونے پر عدالت سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن کے دیگر ڈیلی ویجز و کانٹریکٹ ملازمین کے فیصلوں پر بھی جلد عملدرآمد کرایا جائے گا۔دوسری جانب یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کے مطالبات کے حصول کے لیے آل پاکستان نیشنل ورکر یونین سی بی اے کے مرکزی نائب صدر عبدالقیوم برڑو کی سربراہی میں احتجاجی سلسلہ جاری ہے ۔ گذشتہ روز زونل آفس سکھر میں ملازمین نے احتجاج کیا۔ خطاب کے دوران عبدالقیوم برڑو نے بتایا کہ منیجمنٹ اور سی بی اے تمام ورکرز کے لیے رضاکارانہ پروگرام (وی ایس ایس) کی منظوری کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔