تھرپارکر میں بارش کے بعد سیاحوں کا رش،تفریحی مقامات آباد
تھرپارکر (رپورٹ:اعجاز بجیر) تھرپارکر میں حالیہ بارشوں کے بعد صحرائی علاقے نے ہریالی کی چادر اوڑھ لی۔۔
،جس کے بعد سندھ بھر سے سیاح تھر کا رُخ کرنے لگے ۔ تفریحی مقامات پر رش بڑھ گیا جبکہ ہوٹل اور گیسٹ ہاؤس مالکان کی روزی چمک اٹھی۔ کارونجھر پہاڑ، نوکوٹ قلعہ، ماروی کا کنواں اور گڈھی بھٹ جیسے تاریخی اور قدرتی مقامات سیاحوں کی بھرپور توجہ حاصل کر رہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق تھرپارکر میں حالیہ بارشوں کے بعد صحرائی زمین ہریالی سے ڈھک گئی ہے ، جس نے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے جس کے بعد سندھ کے مختلف شہروں، بشمول کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور بدین سے فیملیز بڑی تعداد میں تھر کے پکنک پوائنٹس کا رُخ کر رہی ہیں۔ کارونجھر پہاڑ، نوکوٹ قلعہ، ماروی کا کنواں، بہوڈیسر مسجد، اور گڈھی بھٹ جیسے مقامات سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ رم جھم بارش، دلکش موسم اور فطری مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح ان مقامات پر رش لگا رہے ہیں۔سیاحوں عثمان رفاقت، علی جہانزیب، کلثوم اور راحیلہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ \"تھر ایک حسین، تاریخی اور قدرتی حسن سے مالا مال علاقہ ہے ، یہاں ہر سال بارش کے موسم میں آنا ایک روح پرور تجربہ ہوتا ہے ۔\"دوسری جانب ہوٹلوں اور گیسٹ ہاؤسز کے مالکان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بارش کے موسم میں ان کا روزگار بہتر ہو جاتا ہے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیاحوں کی آمد سے نہ صرف معیشت بہتر ہوتی ہے بلکہ تھر کی خوبصورتی اور ثقافت کی تشہیر بھی ہوتی ہے۔