کچے میں ڈاکوؤں کے ٹھکانے اور مورچے تباہ، مجرموں کا گھیرا تنگ

 کچے میں ڈاکوؤں کے ٹھکانے اور مورچے تباہ، مجرموں کا گھیرا تنگ

لاڑکانہ، اندرون سندھ (بیورورپورٹ)ایس ایس پی لاڑکانہ احمد فیصل چوہدری کی قیادت میں پولیس نے دریائے سندھ اور کیٹی ممتاز کے کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا سرچ آپریشن کیا۔

مٹھو کھکھرانی، دوسو دڑا، عباس، مبین، احسان اور اویس کھکھرانی سمیت متعدد مقامات پر ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو تباہ اور نذرآتش کر دیا گیا۔پڈعیدن کے بھریاسٹی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں ایک ڈاکو الطاف سبزوئی ہلاک ہوگیا، جب کہ پولیس اہلکار جمال وسطڑو زخمی ہوا۔ ملزم کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ ایس ایس پی نوشہروفیروز نے پولیس ٹیم کو شاباش، تعریفی اسناد اور انعام دینے کا اعلان کیا۔ سکھر میں کوئنس روڈ پر دو ملزمان عبدالغفار اور ثناء اللہ کو ڈکیتی کی نیت سے کھڑے ہونے پر گرفتار کیا گیا۔ ان کی نشاندہی پر مزید تین سہولت کار معروف تھییم، طارق تھییم اور عبداللہ بھٹو بھی گرفتار کر لیے گئے ، جن کے پاس موجود کرولا کار بھی پولیس نے قبضے میں لے لی۔ الگ کارروائی میں بی سیکشن پولیس نے شراب فروش وکی مل کو گرفتار کرکے 80 بوتلیں شراب برآمد کیں۔ جھڈو پولیس لاک اپ سے فرار ہونے والے جنسی زیادتی کیس کے مفرور ملزم بلال راجپوت کو سی آئی اے کراچی کے تعاون سے گرفتار کر لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں