غیرقانونی پانی کی ترسیل پردوہائیڈرنٹس پکڑے گئے

غیرقانونی پانی کی ترسیل پردوہائیڈرنٹس پکڑے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سی ای او واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی اور سی او او انجینئر اسداللہ خان کے ہمراہ نیپا اور صفورہ واٹر ہائیڈرنٹس پر اچانک چھاپے مارے۔

 دورانِ معائنہ انکشاف ہوا کہ دونوں ہائیڈرنٹس بند اوقات میں غیر قانونی طور پر پانی کی ترسیل میں مصروف تھے ۔ میئر کراچی نے موقع پر ہی واٹر کارپوریشن کے دونوں ہائیڈرنٹس پر موجود عملے کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے اس کے ساتھ ہی نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس کے کنٹریکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے اور ان ہائیڈرنٹس کی سرگرمیوں کے خلاف مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ اس موقع پر میئر کراچی نے واضح الفاظ میں کہا کہ کراچی کے شہریوں کا پانی ان کا حق ہے جسے کسی بھی فرد یا گروہ کو ناجائز طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کے نظام میں شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ادارے میں وسیع اصلاحات کا عمل جاری ہے ۔ پانی کی چوری غیر قانونی کنکشنز اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے کسی کو بھی رعایت نہیں دی جائے گی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہر میں پانی کی منصفانہ تقسیم ہائیڈرنٹس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور بدعنوان عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں