ڈاکوراج کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان

ڈاکوراج کے خلاف وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے سندھ میں بدترین بدامنی اورڈاکوراج کے خلاف جلد وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کردیا،مرادعلی شاہ حکومت اورادارے قیام امن اورشہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ مجلس شوریٰ سندھ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔اجلاس میں سیاسی،دعوتی تنظیمی عوامی صورتحال پرغورسمیت آئندہ مالی سال کا بجٹ ودیگرامورکی منصوبہ بندی کی گئی ، اجلاس میں نائب امراء پروفیسرنظام الدین میمن، حافظ نصراللہ چنا،منعم ظفرخان،محمد افضال، جنرل سیکرٹری محمد یوسف ،نائب قیمین،شعبہ جات کے ناظمین اوربرادرتنظیمات کے ذمے داران شریک تھے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی تا کشمور سندھ میں امن وامان کی مخدوش صورتحال ، ڈاکو راج اور قبائلی تصادم نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے ۔ عوام سیاسی جماعتوں کے احتجاج اور شہر اقتدار اسلام آباد میں دھرنے کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی جو کہ بے حسی کی انتہا ہے ۔امن کے نام پر گزشتہ سال دو سو ارب اور اس سال کے بجٹ میں234ارب روپے رکھے گئے ہیں مگر حالات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے ، پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے ،لاڑکانہ و سکھر ڈویژن میں شام کے بعد سڑکیں ویران ہوجاتی ہیں۔صوبائی امیرنے زوردیا کہ مون سون بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر نمائشی اعلانات کے بجائے نالوں کی صفائی کے عملی اقدامات کئے جائیں۔ شہیدغزہ خلیل کھوکھر،حافظ لطف اللہ بھٹوسمیت دیگر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں