سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کا ایئرکنڈیشنڈ غائب،تحقیقاتی کمیٹی دباؤ کا شکار
کراچی(این این آئی)سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں سرکاری ایئر کنڈیشنڈ غائب ہونے کا معاملہ ،سچ کہنے پر نائب قاصد عاکف کی جان خطرے میں پڑ گئی،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی تحقیقاتی کمیٹی بھی اے سی غائب کرانے والے بااثر ملازمین کے دباؤ میں آگئی ۔
تفصیلات کے مطابق سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں مینٹی ننس کے لیے جانے والا سرکاری ایئر کنڈیشنڈ غائب ہو گیا ،نائب قاصد عاکف کے سچ بولنے پربااثر ملازمین نائب قاصد کے دشمن بن گئے ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عتیق الرحمن قریشی کی ہدایت پر قائم 2 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی گئی تھی جو شعیب اور ڈاکٹر عاطف پر مشتمل ہے ۔کمیٹی کے اجلاس میں ہسپتال کے نائب قاصد عاکف کے سچ بیان پر طاہر خان اور ارشد چارلی آپے سے باہر ہو گئے ۔ جس پر تحقیقاتی کمیٹی بھی ہکا بکا ہو گئی اور دھمکی دینے والوں کے خلاف کارروائی کے بجائے نائب قاصد عاکف کو درخواست واپس لینے کا مشورہ دے دیا۔ نائب قاصد نے جان بچانے کے لیے شریف آباد تھانے اور ڈی ایس آر رینجرز کو دھمکی دینے والے اسپتال کے بااثر ملزمان کے خلاف درخواست دے دی۔