کندھ کوٹ :پولیس و رینجرز کا بڑا آپریشن، دو ڈاکو ہلاک، 5زخمی
کندھ کوٹ ، اندرون سندھ(نمائندگان دنیا) پولیس اور رینجرز نے تھانہ جمال کی حدود میں ڈاکوؤں کے خلاف انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا۔
جس میں چولیانی اور جعفری گینگز کے ڈاکوؤں سے جھڑپ کے دوران دو بدنام زمانہ ڈاکو عبدالرزاق اور عبد الفتاح چولیانی مارے گئے جبکہ پانچ ڈاکو غلام جعفری، داڑو جعفری، انیس بنگلانی سمیت دیگر زخمی ہو گئے ۔ ہلاک ڈاکو دلدار چولیانی کے بھتیجے بتائے جاتے ہیں۔ پولیس نے تین پناہگاہیں تباہ کر کے آگ لگا دی۔ ایس ایس پی زبیر نظیر شیخ کے مطابق آپریشن بدامنی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی تک جاری رہے گا۔ لاڑکانہ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کیا، جن سے 9 چوری شدہ موٹرسائیکلیں، طلائی زیورات، 5 قیمتی موبائل فونز، سولر بیٹری، یو پی ایس اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ گرفتار افراد میں عبدالرحیم، ریاض چوہان، سلطان سنانی، شوکت بروہی، گل محمد مگسی، دیدار جلبانی اور دیگر شامل ہیں۔ جیکب آباد پولیس نے ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 8 کلو آئس برآمد کر کے اوکاڑہ، پنجاب سے تعلق رکھنے والے محمد احسن کو گرفتار کر لیا۔ ٹھل بی سیکشن میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم علی حسن بنگلانی زخمی حالت میں گرفتار ہوا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ نوشہروفیروز، محراب پور، پپری و دیگر علاقوں میں پولیس نے متعدد کامیاب کارروائیوں میں 5 منشیات فروش، 2 رہزن اور کئی اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان سے 2500 گرام چرس، شراب، گٹکا، 3 پستول، شاٹ گن، 9 کارتوس اور 7 موبائل فونز برآمد کیے گئے ۔ گرفتار ملزمان میں اختیار ابڑو، وسیم پنہور، ضمیر سولنگی، فدا حسین کھوسو، راشد و سعید چانڈیو، ارباب ماچھی اور صالح کلہوڑو شامل ہیں۔