قیوم آباد میں تیز رفتارمسافر بس اُلٹنے سے 2 خواتین سمیت 14 افراد زخمی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)قیوم آباد میں نجی یونیورسٹی کے قریب مسافر بس اُلٹنے سے 02 خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے ،حادثہ تیز رفتاری کے باعث بس کا ٹائی راڈ ٹوٹنے سے پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق کورنگی سے بلوچ کالونی کی جانب آنے والی بلال کوچ قیوم آباد اقرا یونیورسٹی کے سامنے اچانک الٹ گئی حادثے کے نتیجے میں بس میں سوار دو خواتین سمیت 14 افراد زخمی ہوگئے اطلاع ملتے ہی ریسکیو اداروں کی ایمبولنسیں،علاقائی پولیس اور ٹریفک پولیس موقع پر پہنچی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے افراد میں 40 سالہ یعقوب، 27 سالہ صفت، 40 سالہ نجم، 45 سالہ لطیف، 30 سالہ راجن، 40 سالہ کامران، 50 سالہ عبدالقیوم، 60 سالہ نجم، 60 سالہ صفدر، 60 سالہ یعقوب، 35 سالہ بلال، 35 سالہ غلام، 35 سالہ گنگا زوجہ شام، 32 سالہ ثوبیہ زوجہ وسیم شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق حادثے کے بعد متاثرہ بس کا ڈرائیور اور کلینر موقع سے فرار ہوگیا۔ حادثے کے باعث قیوم آباد سے بلوچ پل کی جانب آنے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہو گئی اس دوران ٹریفک کو متبادل روٹ سے گزارا گیا تاہم ہیوی مشینری کی مدد سے متاثرہ بس جو ہٹا کر سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہے۔