ضلع جنوبی میں پانی کا بحران:واٹر کارپوریشن کے4اعلیٰ افسراں کاگھیراتنگ
کراچی (رپورٹ :محمد علی حفیظ )کراچی واٹر کارپوریشن کے 4اعلیٰ افسران محتسب سندھ کے ریڈار پر آگئے ، ضلع جنوبی کی کئی رہائشی آبادیوں میں 1 سال سے پانی کی عدم فراہمی کے سنگین مسئلے کے خلاف بلدیاتی نمائندگان نے محتسب سندھ سے رجوع کیا تھا۔
چیف انجینئر (ڈبلیو ٹی این) ایگزیگٹوانجینئر (سی ٹی ایم ) ایگزیگٹو انجینئر (ٹی اینڈ سی) اور چیف انجینئر کراچی واٹر کارپوریشن کی بدھ(کل) کو محتسب سندھ کے دفتر میں پیشی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کا معاشی حب ضلع جنوبی کے رہائشی علاقے برنس روڈ، پاکستان چوک، حقانی چوک، محمد بن قاسم روڈ، ڈاکٹر ضیاء الدین احمد روڈ ، اور آئی آئی چندریگر روڈ کے اطراف بڑی رہائشی آبادی پچھلے ایک سال سے پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے یہاں کے علاقے مکینوں اور بلدیاتی نمائندگان نے کئی بار واٹر کارپوریشن حکام کے سامنے پانی کی عدم فراہمی کا معاملہ اٹھایا لیکن پانی کی سپلائی شروع نا ہوئی اب بلدیاتی نمائندگان نے محتسب سندھ سے واٹر کارپوریشن کی بے حسی اور کام چوری کے خلاف شکایت کی ہے ۔ بلدیاتی نمائندگان نے یہ مسئلہ اٹھایا ہے کہ ایک برس سے لاکھوں مکین پانی کیلئے پریشان ہیں۔ شکایت کے باوجود واٹر کارپوریشن کے متعلقہ افسران کوئی اقدامات نہیں اٹھارہے جس کے بعد محتسب سندھ کے ریجنل ڈائریکٹر سائوتھ سید مقصود حیدر نے تحریری حکم نامہ جاری کرکے چیف انجینئر (ڈبلیو ٹی این ) چیف ایگزیگٹو انجینئر (سی ٹی ایم ) ایگزیگٹو انجینئر (ٹی اینڈ سی) اور چیف انجینئر کراچی واٹر کارپوریشن کو 17 جولائی کو اپنے دفتر میں طلب کرلیا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن کے افسران میں محتسب سندھ کے دفتر میں طلبی کا نوٹس ملنے کے بعد کھلبلی مچ گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سال کے دوران ضلع جنوبی میں پانی کی لائنوں کی مرمت کے نام پر بڑے پیمانے پر جعلی اور بوگس بلنگ بھی کی گئی ہے جس کے اہم شواہد بھی بلدیاتی نمائندگان نے صوبائی محتسب کے دفتر میں دوران سماعت پیش کرینگے اس کے علاوہ برنس روڈ ، حقانی چوک اور پاکستان کے رہائشی بھی بڑی تعداد میں محتسب سندھ کے دفتر کے سامنے جمع ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع جنوبی میں واٹر کارپوریشن کی جانب سے مخصوص افسران و ملازمین کو طویل عرصے سے تعینات کر رکھا ہے جن کی وجہ سے یہاں پر پانی کے مسائل میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اس تمام صورتحال پر علاقہ مکین واٹر کارپوریشن انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔ دوسری جانب واٹر کارپوریشن حکام کا کہنا ہے کہ محتسب کے احکامات کے تحت واٹر کارپوریشن کے متعلقہ افسران پیش ہونگے عوامی شکایت کو مدنظر رکھتے ہوئے افسران اپنا جواب جمع کروائیں گے ۔