سیف سٹی منصوبہ فعال:اے آئی سے 36روز میں 23گرفتاریاں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں جرائم کی روک تھام کیلئے سیف سٹی منصوبے نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے۔۔
، جس کے تحت مصنوعی ذہانت (AI)پر مبنی 36 روزہ ٹریفک مہم کے دوران چوری شدہ، چھینی گئی اور جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔رپورٹ کے مطابق 10 جون سے 16 جولائی تک جدید کیمروں کی مدد سے 19 مقدمات درج کیے گئے اور 23 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ چار غیر قانونی گاڑیاں بھی تحویل میں لی گئیں۔ ابتدائی طور پر پاکستان چوک، حقانی چوک،ایس ایم لا کالج اور آرام باغ میں 12 میگا پکسل کے 25 کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جو چہروں اور گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی شناخت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈی جی سیف سٹی آصف اعجاز شیخ کے مطابق منصوبے کے تحت پانچ فیزز پر 36 ارب روپے خرچ ہوں گے اور پہلا مرحلہ 2027 تک مکمل کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں چہرہ شناسائی، مؤثر ٹریفک مینجمنٹ، ڈیٹا اینالائزنگ، ای پیٹرولنگ اور ماڈل پولیس اسٹیشنز جیسے جدید فیچرز شامل ہیں۔قبل ازیں 21 روزہ ٹیسٹنگ کے دوران 15 مقدمات درج، اسنیچر گینگ گرفتار اور ہزاروں الرٹس جاری کیے گئے تھے ۔ حکام کے مطابق کمانڈ سینٹر جو مرکزی سہولت کے طور پر کام کرے گا جس میں تمام معلومات کی نگرانی اور ریکارڈ رکھا جائے گا۔اس کے علاوہ منصوبے کا دائرہ کار بتدریج شہر بھر میں پھیلایا جائے گا۔