میئر کے احکامات پر شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا آغاز
کراچی(این این آئی)میئر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی خصوصی ہدایت پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میونسپل سروسز نے شہر بھر میں جراثیم کش اسپرے مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز حنان بھٹو نے اسپرے مہم کا افتتاح کیا۔۔
اس موقع پر ڈائریکٹر فیومگیشن عظمیٰ شاہ، محکمہ میونسپل سروسز کے افسران و عملہ بھی موجود تھا۔ سینئرڈائریکٹر میونسپل سروسز حنان بھٹو نے کہا کہ اسپرے مہم کے دوران کراچی کے تمام ساتوں اضلاع میں جراثیم کش اسپرے کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو ڈینگی، چکن گونیا، ملیریا، مکھیوں اور دیگر وبائی بیماریوں سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جراثیم کش اسپرے مہم کا بنیادی مقصد شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہے ، جراثیم کش اسپرے کیلئے کے ایم سی کی گاڑیاں، مشینری اور عملہ مسلسل کام کر رہے ہیں، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کراچی کا کوئی بھی علاقہ اسپرے سے محروم نہ رہے ۔بلدیہ عظمیٰ کراچی شہریوں کی صحت و سلامتی کیلئے ہر ممکن اقدامات کرتی رہے گی،اس موقع پر ڈائریکٹر فیومگیشن عظمیٰ شاہ نے کہا کہ اسپرے مہم کو مؤثر بنانے کے لیے شہر کی مساجد، امام بارگاہوں، تفریحی مقامات، ندی نالوں، کچرا کنڈیوں اور گنجان آباد علاقوں میں خصوصی توجہ دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اسپرے مہم کا مقصد صرف جراثیم کا خاتمہ نہیں بلکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی صفائی ستھرائی کا خیال رکھیں اور کے ایم سی کی کوششوں کا ساتھ دیں تاکہ کراچی کو ایک صحتمند اور محفوظ شہر بنایا جا سکے ۔مہم کے دوران مختلف علاقوں میں مرحلہ وار اسپرے کیا جائے گا۔متعلقہ محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ اسپرے مہم میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے ۔ شہر بھر میں انسداد ملیریا و ڈینگی اسپرے پروگرام کا آغاز 17جولائی 2025 سے ہوگیا ہے ، جو 19جولائی2025 تک جاری رہے گی۔