مختلف علاقوں میں انتہائی مخدوش51 عمارتیں خالی کرالی گئیں

مختلف علاقوں میں انتہائی مخدوش51 عمارتیں خالی کرالی گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سانحہ لیاری کے بعد ضلعی انتظامیہ کی غیر قانونی تعمیرات اور انتہائی مخدوش تعمیرات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ آرام باغ،گارڈن ،لیاری میں51انتہائی مخدوش عمارتوں کو خالی کرالیاگیا،خالی کرائی گئی عمارتوں سے بیدخل خاندانوں کاڈیٹا مرتب کرلیا گیا۔

ضلع جنوبی میں 59عمارتیں ناقابل رہائش قرار دی گئی ہیں، مجموعی طور پر51عمارتوں میں رہائشی و تجارتی تعمیرات تھیں۔لیاری،آرام باغ، گارڈن اور دیگر علاقوں میں غیرقانونی تعمیرات روکنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،آرام باغ میں سات غیرقانونی تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ لیاری میں32غیرقانونی جاری تعمیرات کی نشاندہی کی گئی ہے ،ضلعی انتظامیہ نے حالیہ دنوں میں جاری غیر قانونی تعمیرات کو رکوادیا۔خالی کرائی گئی عمارتوں کے مکینوں کے لیے بنائے گئے خصوصی سیل میں شکایات جمع کرائی جارہی ہیں۔اولڈ سٹی ایریا ،لیاری سے 12خاندانوں نے حکومتی خصوصی سیل میں درخواستیں جمع کرادیں۔ گلستان جوہر اور ڈرگ روڈ پر 63 رہائشی عمارتوں کو خطرناک قرار دے دیا گیا۔کنٹونمنٹ بورڈ فیصل کے سروے کے بعد مخدوش عمارتوں کی فہرست جاری کی گئی ہے ، انتظامیہ کے مطابق گلستان جوہر بلاک 19 میں سب سے زیادہ 12 عمارتیں مخدوش ہیں۔ گلستان جوہر بلاک 12 میں 5 رہائشی پروجیکٹ خطرناک قرار دیے گئے ہیں، بلاک 13 میں 6، بلاک 14 میں دو رہائشی پروجیکٹ مخدوش قرار دیے گئے ہیں۔بلاک 9 گلستان جوہر میں ایک رہائشی پروجیکٹ فہرست میں شامل ہے، بلاک 17 میں 6 اور بلاک 18 میں 5 پراجیکٹ مخدوش ہیں۔بلاک 20 میں 4 رہائشی بلاک کو انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں