گلشن حدید میں 3 ماہ سے پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سٹیزن عوامی فورم کی اپیل پر گلشنِ حدید میں گزشتہ تین ماہ سے اسٹیل مل کی جانب سے پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
ریلی گلشنِ حدید سے شروع ہو کر ڈسٹرکٹ پریس کلب ملیر پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی میں مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں سمیت سینکڑوں مکینوں اور بچوں نے شرکت کی، جن کے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز موجود تھے ، جن پر اسٹیل مل انتظامیہ کے خلاف نعرے درج تھے ۔ ریلی کی قیادت جاوید علی شاہ، ڈاکٹر عمران گھمن، فیاض ڈھر اور شاہد سعید نے کی، جبکہ پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، جے یو آئی اور عوامی فورم کے مقامی رہنما بھی شریک تھے ۔ مظاہرین نے اللہ والی چورنگی سے پریس کلب تک پیدل مارچ کیا اور پانی کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔مقررین نے کہا کہ اسٹیل مل انتظامیہ نے تین ماہ سے علاقے کا پانی بند کر رکھا ہے ، جس سے چار لاکھ سے زائد آبادی کربلا کا منظر پیش کر رہی ہے ۔ پانی کی بندش کے باعث ٹینکر مافیا نے نرخ 10 سے 12 ہزار روپے فی ٹینکر تک بڑھا دیے ہیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ میئر کراچی کی یقین دہانی اور کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود پانی کی فراہمی بحال نہیں ہوئی۔مقررین نے خبردار کیا کہ اگر پانی کی سپلائی فوری بحال نہ کی گئی تو نیشنل ہائی وے کو بلاک کر کے اسٹیل مل کے سی ای او کے گھر کے باہر احتجاج کیا جائے گا۔