کراچی دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے، سیف الدین
بدترین شہروں میں کراچی کا170واں نمبر پی پی کی حکمرانی کا کارنامہ ہےکرپشن کے نظام کا خاتمہ کرکے رہیں گے ،اپوزیشن لیڈر کے ایم سی کا خطاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکویٹ نے جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت نیو کراچی میں 7000روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دنیا کے بدترین 173 شہروں میں کراچی 170ویں نمبر پر ہے یہ پیپلز پارٹی کی حکمرانی کا کارنامہ ہے ۔سندھ حکومت، کے ایم سی سب اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ رہے ہیں۔ لیکن جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے ، ہم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے ،کرپشن کے نظام کا خاتمہ اور کراچی کے شہریوں کے جائز و قانونی حقوق چھین کر رہیں گے ۔احتجاجی کیمپ سے امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ نے بھی خطاب کیا۔
سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہاکہ پاکستان کو بنے ہوئے تقریباً78 سال ہو چکے ہیں، لیکن بدقسمتی سے ہم آج بھی انہی بنیادی مسائل کے حل کے لیے سڑکوں پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ کسی علاقے میں پانی نہیں، کہیں سیوریج کا عذاب ہے ، کہیں بجلی غائب ہے ، تو کہیں گیس نایاب ہے ۔ کراچی جیسے میگا سٹی میں بچے کھلے گٹروں میں گر کر جان سے جا رہے ہیں، مگر حکمران صرف اعلانات اور دعووں پر اکتفا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ شہر جسے روشنیوں کا شہر کہا جاتا تھا، آج قبضہ مافیا اور کرپشن مافیا کے نرغے میں ہے ۔ سندھ حکومت عوام کی سہولت کے بجائے قبضہ گروپوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔