میٹرک آرٹس کے طلبہ کو انٹر پری میڈیکل و انجینئرنگ میں داخلے کی اجازت
کراچی (این این آئی)انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی)نے ملک بھر میں میٹرک آرٹس گروپ کے طلبہ کے لیے اعلی ثانوی سطح پر نئی راہیں کھولتے ہوئے انہیں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔
آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد علی گِل نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پالیسی 2026 کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے نافذ العمل ہوگی۔ آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر غلام علی ملاح کے مطابق 4 اور 5 دسمبر 2025 کو کراچی میں منعقدہ 183ویں اجلاس میں یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات اور مشاورت کے بعد متفقہ طور پر کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، نیشنل کریکولم کونسل اور صوبائی کریکولم اتھارٹیز کی آرا شامل تھیں۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ داخلہ دینے والے ادارے میرٹ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے اہلیت ٹیسٹ کا اہتمام کریں۔