جیکب آباد:گڑھی خیرو میں بدامنی، بھتہ خوری کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال
شہری اتحاد کی کال پرمارکیٹیں، دکانیں بند، پنجگلی چوک پرشہریوں نے دھرنا دیابھتہ خوری معمول بن چکی، ہندو تاجروں کو مسلسل بھتے کی پرچیاں مل رہیں، شرکا
جیکب آباد (نمائندہ دنیا)تحصیل گڑھی خیرو میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور بھتہ خوری کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کرکے دھرنا دیا گیا، جس سے کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق گڑھی خیرو شہر میں بدامنی اور بھتہ خوری کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، شہری اتحاد کی کال پر شہر کے اہم پنجگُلی چوک پر احتجاجی کیمپ قائم کر کے دھرنا دیا گیا، دھرنے میں ہندو تاجر، جے یو آئی کے کارکنان سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، احتجاج میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ گڑھی خیرو میں بھتہ خوری معمول بن چکی ہے ، ہندو تاجروں کو مسلسل بھتے کی پرچیاں مل رہی ہیں، جس کے باعث شہری شدید خوف میں مبتلا ہوکر علاقے سے نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرکے مختلف علاقوں کو چلے گئے ہیں، مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی کے باعث بدامنی سنگین صورتحال اختیار کرچکی، بڑھتی ہوئی بدامنی اور بھتہ خوری سے شہر کا امن اور معاشی حالات خطرناک صورتحال اختیار کر گئے ہیں۔ مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گڑھی خیرو میں امن و امان کی صورتحال پر فوری طور پر قابو پایا جائے ، بھتہ خوروں و دیگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ، تاکہ عوام عزت سے شہر میں رہیں۔