محراب پور، مٹیاری :ٹریفک حادثات، 8 جاں بحق، 12سے زائد زخمی
مہران ہائی وے پر حادثات وین کی ٹریکٹر ٹرالی ، ٹریلر کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے ہوئےٹنڈوآدم روڈ پر تیز رفتار ٹرک راہ گیروں پر چڑھنے کے نتیجے میں 2 افراد جان سے گئے
محراب پور، مٹیاری (نمائندگان دنیا)محراب پور اور مٹیاری میں ٹریفک حادثات، 8 افراد جاں بحق، ایک درجن سے زائد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق دوڑ تھانے کی حدود مہران ہائی وے پر کراچی سے ٹھری میرواہ جانے والی وین تیز رفتاری کے باعث سڑک پر گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی، جس سے تارکو کا رہائشی محمد موسیٰ ، علی محمد ، مسمات مریم اور نامعلوم خاتون جاں بحق، سویرا ، مسکان ، دادلی، خالدہ ، کاشف علی، غلام عباس، ابرار علی اور دیگر سمیت ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے ،جنہیں دوڑ اور نواب شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔بھریا تھانے کی حدود ٹھارو شاہ بائی پاس پر قومی شاہراہ کراس کرنے والے موٹر سائیکل سواروں سدھیر بھٹی اور ایک بچے کو ٹریلر نے کچل دیا۔ پولیس نے ٹریلر تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔ مٹیاری سے نمائندے کے مطابق بھٹ شاہ کے قریب ٹنڈوآدم روڑ پر تیز رفتار ٹرک بے قابو ہو کر راہگیروں پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر جاں بحق جاں بحق ہوگئے ، جن کی لاشیں رورل ہیلتھ سینٹر بھٹ شاہ منتقل کردی گئیں۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ۔ حادثے میں جاں بحق افراد کی شناخت مراد علی اور فیض محمد کے نام سے کی گئی ۔ پولیس نے ٹرک اور ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔