لاڑکانہ:کھلے گٹر، نالے شہریوں ،مویشیوں کیلئے وبال جان بن گئے
بچوں سمیت کئی افراد گر کر زخمی ہوچکے ، گزشتہ روز مدینہ کالونی میں بھینس گر گئیوزیر اعلیٰ شہر میں موجود تمام کھلے گٹر، نالوں کا فوری نوٹس لیں، شہریوں کامطالبہ
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) کھلے گٹر اور نالے شہریوں و مویشیوں کے لیے وبال جان بن گئے ۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر سکیورٹی انتظامات تو نظر آئے ، مگر شہر کے بنیادی مسائل کو ایک بار پھر نظرانداز کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی غفلت کے باعث شہر بھر میں موجود کھلے گٹر اور نالے شہریوں و مویشیوں کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔باقرانی ٹاور کے قریب مدینہ کالونی میں گزشتہ روز ایک بھینس کھلے گٹر میں گر گئی۔ اہل علاقہ نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جس کے بعد کرین منگوا کر طویل جدوجہد کے بعد بھینس کو بحفاظت گٹر سے باہر نکالا گیا۔ واقعہ کے بعد شہریوں اور سماجی رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں کھلے گٹر اور نالے طویل عرصے سے موجود ہیں، جن میں اس سے قبل بچے اور بڑے افراد بھی گر چکے ہیں، مگر انتظامیہ نے اس کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل میئر لاڑکانہ کی نااہلی کے باعث ایسے افسوسناک واقعات بار بار پیش آ رہے ہیں، جس سے شہریوں کی جان اور مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ لاڑکانہ شہر میں موجود تمام کھلے گٹر اور نالوں کا فوری نوٹس لیا جائے ، ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور مین ہولز پر ڈھکن لگوا شہریوں اور مویشیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے ۔