یوم قائد اعظم اور کرسمس کے موقع پرفول پروف سکیورٹی کے احکامات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے یومِ قائدِ اعظم اور کرسمس کے موقع پر شہر بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
کراچی پولیس یومِ قائدِ اعظم اور کرسمس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے گی۔ کرسمس کے موقع پر مجموعی طور پر 702 چرچوں کی سکیورٹی کے لیے 3599 پولیس افسران و جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ضلع ایسٹ میں 471 چرچوں پر 1630 پولیس جوان، ضلع ویسٹ میں 122 چرچوں پر 799 پولیس جوان جبکہ ضلع ساؤتھ میں 109 چرچوں پر 1170 پولیس جوان تعینات کیے گئے ہیں اس کے علاوء پولیس موبائلز اور موٹر سائیکل سوار دستے بھی شہر بھر میں گشت پر مامور ہوں گے ۔ مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی اور دیگر تقریبات کی سکیورٹی کے لیے بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔