گیس کا بحران شدید، شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور
بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں بھی گیس غائب رہتی ہے ،گیس کے بغیر 3 ہزار کا بل آجاتا ہے ،دیہاڑی دار 300 کی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے ،شہری
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)موسم سرما میں گیس بحران شدت اختیار کرگیا،گھروں میں گیس نہیں آرہی مگر بل وقت پر آرہا ہے گیس بندش سے ستائے کراچی کے شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور ہوگئے ۔ شہریوں کے مطابق گیس نہ آنے کے باوجود 3 ہزار کا بل آجاتا ہے اس سے بہتر تو مہنگی ایل پی جی ہے کھانا تو بن جاتا ہے ۔ ایل پی جی سرکاری قیمت سے 40 روپے مہنگی فروخت ہو رہی ہے ،مختلف علاقوں میں 280 سے 290 روپے کلو میں ملتی ہے ۔شہریوں کو کہنا ہے کہ مارکیٹ میں مہنگی ایل پی جی کی فروخت حکومت کی نا اہلی ہے ،صبح اٹھنے کے ساتھ ہی گیس پانی سمیت ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،ایک دیہاڑی دار 300 کی ایل پی جی ڈلوائے گا تو باقی اخراجات کیسے پورے ہوں گے۔ دوسری جانب تعطیل کے روز بھی گیس پریشر کی کمی کا سلسلہ جاری رہا۔
گیس کی بندش سے گھریلو خواتین، پکوان ہاؤس،دودھ فروشوں،مٹھائی اور کنفیکشنری بنانے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایس جی سی کے اس رویہ کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔گیس کی لوڈ شیڈنگ رات 9:30 بجے سے صبح 6 بجے اور دوپہر 2:30 سے شام 5 بجے تک ہوتی ہے ، لیکن شہر کے بیشتر علاقوں میں یا تو زیادہ تر دن کے اوقات میں گیس غائب رہتی ہے ، یا بہت کم پریشر کے ساتھ گیس میسر ہوتی ہے ۔ موسم سرما کی آمد کے بعد سے گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے ۔