مصور حمیر سومرو کی واٹر کلر پر مبنی فن پاروں کی نمائش
نمائش میں جاپان اور اٹلی کے قونصل جنرلزسمیت دیگر کی بھرپورشرکت تاریخی ورثہ قرار دی گئی عمارتوں کو اپنے فن پاروں میں سمویا ہے ، احمد شاہ
کراچی (این این آئی)آرٹس کونسل کی جانب سے معروف مصور حمیر سومرو کی واٹر کلر پر مبنی فن پاروں کی نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری ، احمد شاہ بلڈنگ میں کیاگیا جس کا افتتاح صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے معروف مصور حمیر سومرو کے ہمراہ کیا۔ نمائش میں قونصل جنرل جاپان ، قونصل جنرل اٹلی ، ڈائریکٹر جنرل موفا عرفان سومرو، فائن آرٹ کمیٹی کے چیئرمین فرخ تنویر شہاب سمیت فن مصوری سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نمائش میں واٹر کلر پر مبنی 71 بہترین فن پارے دیکھنے والوں کا مرکز بنے رہے ۔ حمیر سومرو نے اپنے فن پاروں میں شہر قائد کی تاریخی ورثہ قرار دی گئی عمارتوں کو قید کیا ہے جس میں فلیگ اسٹاف ہاؤس، سینٹ پیٹرک چرچ، خالق دینا ہال، ڈہینسو ہال سمیت مختلف تاریخی عمارتیں شامل ہیں۔ اس موقع پر محمد احمد شاہ نے کہاکہ میں تمام آرٹسٹوں اور میڈیا کا شکر گزار ہوں ، حمیر سومرو ایک شاندار مصور ہیں ، حمیر سومرو نے کراچی کی ہیرٹیج عمارتوں کو بنایا ہے ، ان کی خاص بات یہ ہے کہ یہ فن پاروں کو بیچتے نہیں ہیں۔مصور حمیر سومرو نے کہاکہ احمد شاہ نے ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کی، کراچی کی تمام تاریخی عمارتیں ختم ہوتی جارہی ہیں، اس لیے میں نے سوچا کہ اسے اپنے کینوس پر پینٹ کروں ، ہمیں عمارتوں کی خوب صورتی کا اندازہ ہی نہیں جس کی بڑی وجہ لوگوں میں شعور کا نہ ہونا ہے ۔