75 فیصد سے کم ٹیکس ریکوری پر کارروائی ہو گی ڈی جی ایکسائز
تمام ادائیگیوں کو آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب احمد شیرچٹھہ نے کہا ہے کہ 75 فیصد سے کم ٹیکس ریکوری کرنے والے افسران و ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ ایکسائز کے عملے کو صاف اور شفاف قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تمام ادائیگیوں کو آن لائن کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو سہولت فراہم کی جا سکے ۔ڈی جی ایکسائز نے بریفنگ کے دوران کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے گاڑیوں کی ٹرانسفر کی سہولت کو جدید خطوط پر استوار کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاک آئی ڈی متعارف کروا دی گئی ہے ، جس کے ذریعے دنیا بھر میں کوئی بھی پاکستانی اپنے موبائل فون سے بائیو میٹرک تصدیق کرکے گاڑی خرید یا ٹرانسفر کر سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کی کمرشل اور رہائشی یونٹس کو سیل کرکے مکمل ادائیگی تک ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔سرگودھا ڈویڑن پنجاب بھر میں دوسری پوزیشن پر ڈی جی ایکسائز احمد شیر چھٹہ نے سرگودھا ڈویڑن کی سالانہ ریکوری کو پنجاب بھر میں دوسری بہترین کارکردگی قرار دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مالی سال کے آخری چار ماہ میں ریکوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور ایکشن پلان مرتب کرکے روزانہ بنیادوں پر کام کرتے ہوئے 100 فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔