تعلیمی اداروں کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر غور

تعلیمی اداروں کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات پر غور

نگرانی کیمروں کی فعالیت ، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے منصوبہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے

خوشاب(نمائندہ دُنیا)ملکی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر خوشاب ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر کی زیرِ صدارت منعقد ہوا جس میں ڈی پی او خوشاب سمیت سرکاری و نجی سکولوں، کالجوں، جامعہ جات اور ہسپتالوں کی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران موجودہ سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تعلیمی اداروں و طبی مراکز کی حفاظت کو مزید بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات پر غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اداروں میں داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، چوکیداری نظام کی بہتری، نگرانی کیمروں کی فعالیت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے عملی منصوبہ پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

ضلعی پولیس افسر نے سکیورٹی انتظامات، گشت کے نظام اور حساس مقامات کی نگرانی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں، کالجوں، جامعات اور ہسپتالوں میں حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط اور مربوط بنایا جائے گا تاکہ طلبہ، اساتذہ، مریضوں اور عملہ کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں احتیاط اور پیشگی اقدامات انتہائی ضروری ہیں، اور کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحرک اور مستعد ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں