انڈر ٹریننگ افسر سینئر ز کی زیرنگرانی عملی تربیت لیں:ڈی سی
دورانِ تربیت ریونیو معاملات، پرائس کنٹرول، تجاوزات ،امن و امان پر خصوصی توجہ دیں
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ میں پیشہ ورانہ استعداد کار کو مزید مؤثر بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے نئے انڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنرز سٹی و صدر، پیرا فورس کے افسران اور دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران نئے افسران کو ضلعی انتظامیہ کے انتظامی ڈھانچے ، فیلڈ ذمہ داریوں، عوامی مسائل کے فوری حل،رمضان المبارک میں پرائس چیکنگ اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا اسسٹنٹ کمشنر کا عہدہ عوامی خدمت، میرٹ اور شفافیت کا تقاضا کرتا ہے لہٰذا دورانِ تربیت افسران فیلڈ ورک، ریونیو معاملات، پرائس کنٹرول، انسداد تجاوزات اور امن و امان کے امور پر خصوصی توجہ دیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انڈر ٹریننگ افسر سینئر افسروں کی نگرانی میں عملی تربیت حاصل کریں اور روزمرہ انتظامی امور میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ انہیں زمینی حقائق اور عوامی توقعات کا مکمل ادراک ہو سکے ۔