بدلتے حالات میں جنگ کے طریقہ کار بھی بدل چکے ، کمشنر

بدلتے حالات میں جنگ کے طریقہ کار بھی بدل چکے ، کمشنر

ہر سطح پر چوکس اور تیار رہنا ہوگا، موجودہ حالات میں باہمی اتحاد و اتفاق ناگزیر ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے ، اجلاس سے خطاب

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال کو مستحکم رکھنے کے لیے ڈویژنل امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کمشنر سرگودہا حافظ شوکت علی نے کی جبکہ آر پی او شہزاد آصف خان، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام نے شرکت کی۔ ایران اور افغانستان کے ساتھ موجودہ جنگی حالات کے تناظر میں اجلاس میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے کہا کہ بدلتے حالات میں جنگ کے طریقہ کار بھی تبدیل ہو چکے ہیں، اس لیے ہر سطح پر چوکس اور تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے علماء کرام کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام امن میں ان کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے اور موجودہ حالات میں باہمی اتحاد و اتفاق ناگزیر ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ محراب و منبر سے رواداری، صبر، بھائی چارے اور اتحاد کا پیغام عام کیا جائے اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھا جائے ۔ کمشنر نے واضح کیا کہ وطن عزیز کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگاآر پی او شہزاد آصف خان نے علماء کرام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ریلیاں پرامن رہیں جن میں تمام مکاتب فکر کے علماء کا مثبت کردار قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے نوجوان نسل تک درست اور ذمہ دارانہ پیغام پہنچانا وقت کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بالخصوص یوم حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر جذبات کو قابو میں رکھنے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے پر زور دیا۔

اجلاس میں اہل تشیع کے رہنماؤں مولانا انتظار حسین مہدی اور احمد مسعود زاہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ایران ایک دل خراش واقعہ ہے ، تاہم ہم صبر و استقامت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے ۔خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز اور امن کمیٹی کے ارکان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ، جبکہ ڈپٹی کمشنر سرگودہا حسین احمد رضا چوہدری سمیت دیگر علماء عبداﷲ سعید ہاشمی ، عرفان اﷲ ثنائی بھی اجلاس میں موجود تھے ۔اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، افواج پاکستان کی کامیابی اور امت مسلمہ کے اتحاد و اتفاق کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں