علی پورچٹھہ :سید علی خامنہ ای کی شہادت پر احتجاجی ریلی
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ایران کے رہبر اعلیٰ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں مختلف مکاتبِ فکر، مذہبی و سماجی شخصیات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکا نے اسرائیل اور امریکہ کی مبینہ جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ریلی امام بارگاہ باب العلم سے برآمد ہوئی جس میں شرکا نے رہبر معظم کی تصاویر، بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے ۔ ریلی مقررہ راستوں رسولنگر چونگی، مدینہ چوک، ریلوے چوک، اللہ ہو چوک، حیدری چوک اور سرکلر روڈ سے گزرتی ہوئی امام بارگاہ سادات پہنچی جہاں اختتامی اجتماع منعقد ہوا۔اجتماع سے مولانا نصیر حسین، سابق ضلعی امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عبید اللہ گوہر، تحریک اویسیہ کے سربراہ غلام رسول اویسی، حافظ سبط حسن نجفی، مرکزی مسلم لیگ کے رہنما انصر تارڑ، مسلم لیگی رہنما بشارت چیمہ، تصدق محمود، مرکزی انجمن تاجران صدر ذوالفقار علی بھٹو،مولانا ثقلین علی نقوی و دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کی جانب سے اسلامی ممالک کے خلاف جارحانہ اقدامات قابلِ مذمت ہیں۔ مقررین نے کہا کہ رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی جدوجہد ظلم اور طاغوتی قوتوں کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے اور ان کا نظریہ زندہ رہے گا۔