آلودگی کا باعث 187 صنعتوں کی فوری منتقلی کی سفارش

 آلودگی کا باعث 187 صنعتوں کی فوری منتقلی  کی سفارش

صنعتوں کی منتقلی بارے ڈویژنل انتظامیہ کی مشاورت مکمل ،شہر سے باہر صنعتی زونز بنانے کیلئے محکمہ مال سے اراضی دستیابی رپورٹ طلب کرنیکی ہدایت

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق شہری آبادیوں کا ماحول کو آلودہ کرنے والی صنعتوں کی منتقلی کے حوالے سے ڈویژنل انتظامیہ نے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت مکمل کرلی جبکہ صنعتکاروں اورتاجروں سے چارٹر آف ڈیمانڈ پرگفتگو جاری ہے ۔اس حوالے سے کمشنر فیصل آباد ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل/کنوینئر کمیٹی آصف چوہدری نے مشاورت بارے بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ شہر میں صنعتوں کے سروے کے دوران آبی وفضائی آلودگی کا باعث بننے والی187صنعتوں کی نشاندہی ہوئی جن کی میونسپل حدود سے منتقلی ترجیحی بنیادوں پر کرنے کی سفارش کی گئی۔کمشنر نے کہا کہ شہر سے باہر صنعتی زونز قائم کرنے کیلئے سرکاری اراضی کی دستیابی سے متعلق محکمہ مال سے رپورٹ بھی طلب کریں۔انہوں نے کہا کہ شہری ماحول کو محفوظ اور صاف ستھرا رکھنے کیلئے صنعتوں کے انخلاکا منصوبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

جس کیلئے ٹھوس محکمانہ حکمت عملی کے ذریعے جامع سفارشات مرتب کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس پراجیکٹ پر احسن انداز میں رضاکارانہ طور پر عملدرآمد ہو سکے ۔دریں اثنا صنعتی زون فیڈمک میں حفاظتی اقدامات کو مزید چوکس کرنے کے حوالے سے کمشنر راجہ جہانگیر انور اور آرپی او سہیل اختر سکھیرا کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)ندیم ناصر،سی پی او بلال عمر،چیئرمین فیڈمک اظہر وقار،سی اوقرۃ العین ودیگر افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیڈمک کے داخلی راستہ پر حفاظتی امور کو مزید چوکس کرنے اورسکیورٹی پلان کی تیاری،غیر ضروری شاہراہ عام کو فی الفور بند اور سکیورٹی امور کو ہر لحاظ سے مکمل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں