سحر اور افطار کے وقت گیس بندش ، پریشر کمی کا مسئلہ برقرار ، کھانا بنانے میں مشککلات

 سحر اور افطار کے وقت گیس بندش ، پریشر کمی کا مسئلہ برقرار ، کھانا بنانے میں مشککلات

ڈی ٹائپ کالونی، سمن آباد، نوابانوالہ، سہیل آباد، سر سید ٹاؤن ودیگرمقامات پر گیس غائب رہنامعمول ، شکایات کے باوجود حکام اقدامات اٹھانے میں غیر سنجیدہ ،مسئلہ حل کرانیکامطالبہ

فیصل آباد(سٹی رپورٹر)ماہ مقدس میں سحر اور افطار کے اوقات میں گیس کی بندش اور پریشر کے انتہائی کم ہونے کا سلسلہ نہ تھم سکا ،گیس بندش سے کھانا بنانے سمیت دیگر گھریلو امور کی انجام دہی مشکل ہو گئی۔ سوئی گیس حکام کو شکایات کا اندراج کروانے کے باوجود بھی شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں انتظامیہ غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے لگی۔ذرائع کے مطابق سحر و افطار کے اوقات میں شہریوں کو بلا تعطل گیس فراہمی بارے حکام کی جانب سے دعوے تو کئے گئے تھے لیکن انکے برعکس سحرو افطار کے وقت گیس بندش اور پریشر کو انتہائی کم کرنا معمول بنا لیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ڈی ٹائپ کالونی، علامہ اقبال کالونی، ملت کالونی، سمن آباد، نثار کالونی، نوابانوالہ، سہیل آباد، قائد اعظم بلاک، سر سید ٹاؤن، رضا آباد، افغان آباد، منصور آباد اور جھنگ روڈ سے ملحقہ معتدد علاقوں میں سحرو افطار کے اوقات میں گیس کا بند رہنا معمول بن چکا ہے۔

شہریوں کاکہناہے کہ ماہ مقدس میں بھی شہریوں کو گیس فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کے اقدامات ریت کی دیوار ثابت ہو رہے ہیں۔ سحر افطار کے وقت یا تو گیس مکمل بند کر دی جاتی ہے اور اگر کہیں آئے بھی تو پریشر اس قدر کم ہوتا ہے کہ ا س سے کھانا بنانے سمیت دیگر امور کی انجام دہی محال ہو جاتی ہے ۔ یہ شکایات بھی سامنے آئیں کہ گیس بندش بارے حکام کو متعدد بار درخواستیں بھی دی جا چکی ہیں لیکن متعلقہ حکام اقدامات اٹھانے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ گھروں پر گیس نہ آنے سے شہری بازاروں سے سحر و افطار کا اہتمام کرنے پر مجبور ہیں جسکا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوٹلز مالکان اور دکانداروں کی جانب سے بھی من مانی قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں جس سے شہریوں کو دوہرے عذاب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام گیس کی مسلسل فراہمی کیلئے فوری عملی اقدامات اٹھائیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں