روہڑی:مبینہ مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک، ورثا کالاشوں سمیت احتجاج

روہڑی:مبینہ مقابلے میں 2ڈاکو ہلاک، ورثا کالاشوں سمیت احتجاج

جعلی مقابلے ، متضاد بیانات دینے کا الزام، ٹاور سے بیٹریاں چوری کررہے تھے ، پولیسپڈعیدن میں بھی مقابلوں کے دوران 2زخمی ڈاکو گرفتار، 4فرار، مسروقہ سامان برآمد

روہڑی، اندرون سندھ (نمائندگان)روہڑی میں مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور 4 فرار ہوگئے ، لواحقین نے جعلی مقابلے کا الزام لگاتے ہوئے لاشیں سکھر پریس کلب کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا ، جبکہ پڈعیدن میں بھی مقابلے میں زخمی 2 ڈاکو گرفتار کر لئے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق روہڑی کے قریب صالح پٹ لنک روڈ دبر تھانے کی حدود گاؤں خانو ناپر میں مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی کہ سیلولر کمپنی کے ٹاور پر 5،6 مسلح ڈاکو چڑھے ہوئے ہیں، ہمارے پہنچنے پر انہوں نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ میں 2 ڈاکو شعیب احمد کھوسو، احمد علی گھانگھرو ہلاک اور 4 فرار ہوگئے ۔ دوسری جانب ورثا نے سکھر پریس کلب کے سامنے لاشیں رکھ کر احتجاج کیا، انہوں نے جعلی مقابلے کا الزام لگایا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس متضاد بیانات دے رہی ہے ، کبھی کہا گیا کہ موبائل ٹاور سے بیٹریاں اتارنے کے دوران مقابلہ ہوا، کبھی گائوں والوں سے جھگڑے کا موقف اختیار کیا گیا، جبکہ بعد میں مقابلے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے ۔ دریں اثنا پڈعیدن میں بھی 2 مقابلوں میں نصف درجن سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب 2 مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلئے گئے ، جن سے مسروقہ موٹرسائیکل اور اسلحہ ملا ہے ، چار ملزم فرار ہوگئے ۔ مورو کے قریب گرفتار ہونے والے ملزم کی شناخت شاہپور جہانیاں کے رہائشی طلحہ عرف طلو ولد منظور ماچھی کے نام سے ہوئی، جبکہ خانواہن سے گرفتار ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ ملزمان نصف درجن مقدمات میں مطلوب تھے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں