کشمیریوں کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائینگی،سنی تحریک
مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ ہوا تو خطہ عدم استحکام کاشکار پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے ، ثروت قادری، بلال عباس ودیگر
کراچی(این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری،مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری کی ہدایات پر یوم کشمیر پر ملک بھر میں بھرپور ریلیاں نکالی اور عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانے کے لیے مظاہرے کیے گئے ۔پاکستان سنی تحریک کے مرکزی و صوبائی رہنماؤں،کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے ریلیوں میں شرکت کرکے پیغام دیا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور بھارت کے ظلم و جبر کسی صورت قبول نہیں۔ چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے اپنی آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں، جنہیں دنیا کی کوئی طاقت جھٹلا نہیں سکتی، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر آج دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں نہتے شہریوں،خواتین،بچوں اور بزرگوں پر بدترین ریاستی تشدد کیا جا رہا ہے ،مگر افسوس کہ عالمی ضمیر اس پرخاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ناگزیر ہے ، ورنہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔کشمیری عوام کی حمایت پاکستان کی صرف اخلاقی نہیں بلکہ سیاسی، سفارتی اور قومی ذمہ داری بھی ہے ۔پاکستان سنی تحریک کے رہنماں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی میں ہر سطح پر ان کا ساتھ دیا جاتا رہے گا۔