ناقص کارکردگی پر تھانہ اورنگی کا ہیڈ محررمعطل
ایس ایس پی غربی کا حساس علاقوں کا دورہ،سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ طارق الٰہی مستوئی نے ضلع کے مختلف حساس علاقوں، مارکیٹوں اور اہم مقامات کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ایس ایس پی ویسٹ نے پولیس چیکنگ پوائنٹس، مارکیٹس، بس اڈوں، اہم چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں کا معائنہ کیا اور سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کی حاضری، الرٹنس اور کارکردگی کو باریک بینی سے چیک کیا۔ ذرائع کے مطابق ناقص کارکردگی پر ایس ایس پی ویسٹ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے تھانہ اورنگی کے ہیڈ محرر کو معطل کر دیا، جبکہ متعلقہ افسران و اہلکاروں کو کوتاہی نہ برتنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ایس ایس پی ویسٹ نے بنارس باچا خان چوک، بس اڈا، پانچ نمبر چوک، اسلام چوک، امن چوک، بنگلہ بازار، ڈسکو موڑ، بنارسی مارکیٹ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا ۔انہوں نے ہدایت دی کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔