مسلمان فرقوں میں بٹ کرایمان کمزور کررہے ، مولانا خلیل الرحمن
سیرت ہرمسلم کیلئے مشعل راہ، نبی کی بات سے ہٹ کرعمل دین نہیں، جھڈو میں خطاب
جھڈو (نمائندہ دنیا)جامیہ اسلامیہ اہلحدیث جھڈو میں تکمیل قرآن پاک کے سلسلے تقسیم اسناد کی تقریب منعقد کی گئی یہ تقریب مدرسہ کے رئیس مولانا نور احمد لاشاری کی جانب سے منعقد کی گئی تھی، اس تقریب میں مولانا خلیل الرحمن جاوید، مولانا شیخ عبداللہ ناصر رحمانی، پروفیسر مولانا شیخ ابراہیم بھٹی اور مولانا شیخ داؤد نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں جھڈو اور گردونواح سے مختلف مکاتب فکر کے افراد بھی شریک ہوئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج کے مسلمان مختلف فرقوں میں بٹ کر اپنی ایمانی کیفیت کو کمزور کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو پورا دین عطا فرمایا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کے احکامات کی اتباع کی اور صحابہ کرام رضی اللہ نے نبی کریم کے ہر عمل کی پیروی کی اور محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کی سیرت ہر مسلمان کے لیے مشعل راہ ہے نبی کی بات سے ہٹ کر کوئی عمل اختیار کرنا دین نہیں ہے ، آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم کا حکم ہی دین ہے ، اس موقع پر قرآن پاک حفظ کرنے والے طلبہ کی دستار بندی کی گئی، جبکہ مدرسے کے دیگر شعبوں اور سالانہ امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔