ایس آئی یو ٹی کی ڈونیشن ڈرائیو تھرو سہولت فعال

ایس آئی یو ٹی کی ڈونیشن ڈرائیو تھرو سہولت فعال

شہری اپنی گاڑیوں سے اترے بغیر ہی مریضوں کی معاونت کر سکیں گےتقریب میں ونٹیج اینڈ کلاسک ریلی ڈرائیورز ایسوسی ایشن کے اراکین کی شرکت

کراچی(سٹی ڈیسک)سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) نے عوامی خدمت کے سفر میں ایک اور جدت متعارف کرواتے ہوئے شارع فیصل پر واقع ایس آئی یو ٹی ٹرسٹ اسپتال میں شہر کی پہلی ’ڈونیشن ڈرائیو تھرو‘سہولت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے ۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد عطیات دینے کے عمل کو ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کے مطابق سہل اور منظم بنانا ہے تاکہ شہری اپنی گاڑیوں سے اترے بغیر ہی مریضوں کی معاونت کر سکیں۔ ایس آئی یو ٹی گزشتہ پانچ دہائیوں سے ساڑھے تین کروڑ سے زائد مریضوں کو بلا معاوضہ اور معیاری طبی علاج فراہم کر چکا ہے ۔ چنانچہ معاشرے کے مخیر حضرات کے تعاون کو برقرار رکھنے اور اسے مزید سہل بنانے کے لیے اس نئی سہولت کو سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے ۔افتتاحی تقریب میں ونٹیج اینڈ کلاسک ریلی ڈرائیورز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اراکین نے اس موقع پر خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے علامتی طور پر گاڑی میں بیٹھے ہوئے عطیہ دے کر اس سہولت کا عملی معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹرریحان محسن نے کہا کہ یہ ڈرائیو تھرو سہولت شہریوں کو ایک ایسا محفوظ اور منظم پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس کے ذریعے وہ مستحق مریضوں کے علاج معالجے میں اپنا بھرپور حصہ ڈال سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں اسپتال میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بتدریج شامل کیا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں