اسکولوں کے اطراف ویپ اور منشیات فروخت کے انکشاف پر بڑا اقدام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محکمہ تعلیم سندھ نے کراچی میں اسکولوں کے اطراف ویپ اور منشیات فروخت کے انکشاف پر بڑا قدم اٹھالیا۔
محکمہ تعلیم نے ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کیا ہے ، جس میں اسکولوں کے باہر دکانوں اور ٹھیلوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے ۔محکمہ تعلیم کے مراسلے میں ہدایت کی گئی کہ اسکولوں کے اطراف قائم دکانوں اور کیفے کی سخت نگرانی کی جائے اور باقاعدہ انسپکشن یقینی بنائی جائے ۔محکمہ تعلیم کے مطابق کلاس 9 تا 12 کے طلبہ میں ویپ کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش پائی جا رہی ہے ۔مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ طلبہ کے بیگز کی چیکنگ کے دوران ویپ ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں جبکہ بعض طلبہ نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ویپ قریبی دکانوں اور کیفے سے خریدے ۔مزید کہا گیا ہے کہ اسکولوں کے باہر موجود بعض کیفے میں منشیات تک آسان رسائی کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔محکمہ تعلیم نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری اقدامات کرتے ہوئے متعلقہ کیفے اور دکانوں کی جانچ پڑتال کریں۔