برنس روڈ پر لیز تعمیرات گرانے پر علاقہ مکین سیخ پا
تمام دستاویزات انتظامیہ کو دکھائی گئیں مگر ایک نہیں سنی گئی،مکینتمام تجاوزات گرائی جائیں گی ، کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا،ڈپٹی کمشنر
کراچی(این این آئی)ضلع جنوبی کے مصروف ترین کاروباری علاقے برنس روڈ کی گلیوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے تاہم رمضان المبارک کے اغاز پر اس طرح کے آپریشن پر علاقے کے لوگ سیخ پا ہیں۔علاقہ مکینوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ آپریشن میں مخصوص دکانوں کو منہدم کیا جا رہا ہے جبکہ بیشتر غیر قانونی املاک باقی ہیں جنہیں چھوڑ دیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں سروے کے دوران لوگوں نے برنس روڈ کی گلی نمبر 1 میں نئی تعمیر شدہ 5 منزلہ عمارت کی نشاندہی کی جو عین ان تجاوزات کے برابر موجود ہے جنہیں منہدم کیا گیا مگر اس عمارت کو کچھ نہیں کہا گیا۔علاقہ مکینوں نے کہاکہ اگر عمارت کی سیدھ میں تمام تجاوزات گرائی گئی ہیں تو وہ عمارت کیسے چھوڑ دی گئی۔اسی طرح گلی نمبر 2 میں بیشتر تعمیرات غیر قانونی قرار دے کر گرائی گئی مگر اس کے ساتھ عین گلی کے درمیان پیپلزپارٹی کے پرچم کے رنگوں والی غیرقانونی دکان بھی موجود ہے جسے نہیں گرایا گیا اور اس پر شہری سیخ پا نظر آئے۔ شہریوں نے بتایاکہ ان کی منہدم کی گئی تعمیرات کے ایم سی سے لیز شدہ ہیں، جس کا پراپرٹی ٹیکس سالوں سے ادا کر رہے ہیں، تمام دستاویزات بھی انتظامیہ کو دکھائی گئیں مگر ان کی ایک نہیں سنی گئی۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہاکہ آپریشن جاری ہے ، مرحلہ وار تمام تجاوزات گرائی جائیں گی اور کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔