ہائی کورٹ کے ریمارکس حکومت کیلئے وارننگ،منعم ظفر
ٹینکر سسٹم ختم،غیر قانونی ہائیڈرنٹس بند اورواٹر کارپوریشن نظام شفاف کیاجائے اقدامات نہ کیے تو احتجاجی تحریک چلانے پر مجبورہونگے ،امیرجماعت اسلامی کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں۔ سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچ کی جانب سے کراچی واٹر کارپوریشن کے حکام پر برہمی اور ٹینکر سسٹم ختم کرکے لائنوں کے ذریعے پانی فراہم کرنے کے ریمارکس عوامی مسائل کی درست ترجمانی ہیں۔ عدالت کے یہ ریمارکس اس حقیقت کا اعتراف ہیں کہ کراچی میں پانی کی قلت نہیں بلکہ منصفانہ تقسیم اور بدعنوانی کا سنگین بحران موجود ہے ۔ ہائی کورٹ کے ریمارکس حکومت کیلئے وارننگ ہیں، اب وقت آ گیا ہے کہ کاغذی بیانات اور وعدوں سے نکل کر عملی اقدامات کیے جائیں ۔ کراچی کے عوام خیرات نہیں بلکہ جینے کا حق مانگ رہے ہیں،ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹینکر سسٹم فوری طور پر ختم کیا جائے ،غیر قانونی ہائیڈرنٹس بند کیے جائیں،کراچی میں لائنوں کے ذریعے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے ،واٹر کارپوریشن کے نظام کو شفاف اور کرپشن سے پاک کیا جائے ،متاثرہ علاقوں خصوصاً اورنگی ٹاؤن سمیت تمام بستیوں کو فوری طور پر پانی فراہم کیا جائے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ شہری گھنٹوں لائنوں میں لگنے ، مہنگے داموں ٹینکر خریدنے اور غیر محفوظ پانی پینے پر مجبور ہیں، یہ صورتحال سندھ حکومت، کراچی واٹر کارپوریشن اور متعلقہ اداروں کی نااہلی، کرپشن اور مجرمانہ غفلت کا واضح ثبوت ہے ،اگر فوری اور عملی اقدامات نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوگی۔