سندھ حکومت عوام کو پیاسا مارنا چاہتی،مہاجر موومنٹ
شہری مہنگا پانی خریدنے پر مجبور، واٹر کارپوریشن کس بات کے پیسے لیتی ہےرمضان میں شہر کربلا بنا دیا گیا، پانی کی فراہمی بحال کرائی جائے ،صادق ادریس
کراچی(این این آئی)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) کے رہنما صادق ادریس نے شہر میں پانی کی بندش پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو جان بوجھ کر پانی سے محروم رکھا جا رہا ہے ،سندھ حکومت کراچی کی عوام کو پیاسا مارنے کے درپے ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے ۔دھوراجی سے ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے صادق ادریس نے کہا کہ شہر کو روزانہ کم از کم 1200 ملین گیلن پانی چاہیے ۔ جبکہ فراہمی صرف 650 ملین گیلن اسکا مطلب آدھا شہر پہلے ہی پانی سے محروم ہے ، یہ کمی کسی آسمانی آفت کا نتیجہ نہیں ، یہ سندھ حکومت کی نااہلی اور سیاسی دشمنی کا نتیجہ ہے ، اگر حکومت پانی نہیں دے سکتی تو کھل کر اعلان کرے کہ ہم نااہل ہیں۔ کراچی کے عوام ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیے گئے ہیں۔ ایک متوسط گھرانہ مہینے میں ہزاروں روپے صرف پانی خریدنے پر خرچ کرنے پر مجبور ہے ۔ جن علاقوں میں سرکاری سپلائی صفر ہے وہاں ایک ٹینکر 8 سے 15 ہزار روپے تک میں فروخت ہو رہا ہے ۔ سوال یہ ہے کہ جب شہری پانی کا بل بھی دیں اور ٹینکر بھی خریدیں تو واٹر کارپوریشن آخر کس چیز کی تنخواہیں لے رہی ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف پانی کا نہیں، یہ شہریوں کی عزت اور بقا کا مسئلہ ہے ۔سندھ حکومت کو احساس تک نہیں کہ رمضان میں شہر کو کربلا بنا دیا گیا ہے ۔