ہیوی ٹریفک سے معصوم شہریوں کی اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا، دو کمسن بچے ٹینکرز کی نذر
کورنگی کراسنگ پر چچا کے ساتھ موٹرسائیکل پر آئسکریم لینے جانے والی 3سالہ ساحرہ آئل ٹینکر کی بھینٹ چڑھ گئی،کورنگی سو کوارٹر پرگھر کے باہر کھیلنے والے 4سالہ وسیم کو واٹر ٹینکرنے کچل دیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں ہیوی ٹریفک سے معصوم شہریوں کی اموات کا سلسلہ تھم نہ سکا،کورنگی کراسنگ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر،حادثے میں بائیک پر سوار تین سالہ بچی جاں بحق جبکہ ایک سالہ بچے سمیت دو افراد زخمی ہوگئے ،ادھر کورنگی سو کوارٹر کے قریب بھی نامعلوم واٹر ٹینکر کی ٹکر سے گھر کے باہر کھیلنے والا چار سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق بے ہنگم ہیوی ٹریفک ایک اور معصوم کی جان لے گیا،کورنگی کراسنگ پر تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں بائیک پر سوار اپنے چچا اور ایک سالہ بھائی کے ہمراہ جوس خریدنے کے لیے جانے والے تین سالہ ساحرہ جاں بحق جبکہ اٹھارہ سالہ تاج محمد اور ایک سالہ سبحان زخمی ہوگئے ،،متوفیہ کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی رہائشی اور دو بہن بھائیوں میں سب سے بڑی تھی۔
اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ کورنگی میں ہیوی ٹریفک سے حادثات روز کا معمول بن گئے ہیں جن کی روک تھام کے لیے حکومتی سطح پر ٹھوس اقدامات ناگزیر ہوگئے ہیں۔پولیس کے مطابق حادثے کے بعد ذمہ دار ڈرائیور کو شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جبکہ آئل ٹینکر کو بھی سڑک سے ہٹا کر تھانے منتقل کردیا گیا ہے ۔دوسری جانب کورنگی سو کواٹر کے قریب نامعلوم واٹر ٹینکر کی ٹکر سے گھر کے باہر کھیلنے والا چار سالہ وسیم جاں بحق ہوگیا متوفی اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھا پولیس کا کہنا ہے کہ جائے حادثے کے اطراف میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے جبکہ فرار ڈرائیور اور ٹینکر کی تلاش بھی شروع کردی گئی ۔