سندھ حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ،ایم کیوایم

 سندھ حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام ،ایم کیوایم

گلستانِ جوہر، کٹی پہاڑی حادثات پرمتحدہ ارکان سندھ اسمبلی کا غم و غصہ کا اظہار حادثات کی شفاف تحقیقات، ذمہ دار ڈرائیورزومافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے اراکینِ سندھ اسمبلی نے گلستانِ جوہر اور کٹی پہاڑی کے علاقوں میں پیش آنے والے ہولناک ٹریفک حادثات پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری مسلسل حکومتی نااہلی ،بدترین ٹریفک بدانتظامی اور ڈمپر و ٹینکر مافیا کی دہشت کا شکار ہیں جبکہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے ۔ اپنے بیان میں حق پرست اراکینِ نے کہا کہ گزشتہ روز گلستانِ جوہر اور کٹی پہاڑی کے مقامات پر بے قابو ڈمپرز نے متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں کئی شہری جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ، یہ اندوہناک واقعہ کسی ایک حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ کراچی کے مسائل سے مسلسل چشم پوشی اور شہری معاملات کو نظرانداز کرنے کی پالیسی کا نتیجہ ہے ۔حق پرست اراکینِ نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہونے کے باوجود بنیادی شہری سہولتوں، محفوظ ٹریفک نظام اور موثر انتظامی ڈھانچے سے محروم ہے ، شہر کی شاہراہوں پر ڈمپر اور ٹینکر مافیا دندناتا پھر رہا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور متعلقہ حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلستانِ جوہر اور کٹی پہاڑی کے حادثات کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار ڈرائیورز ٹرانسپورٹ مافیا اور ان کے سرپرست عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور کراچی میں ہیوی ٹریفک کے نظام کو فوری طور پر ازسرِ نو منظم کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں